Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

بھارت میں "ڈرپوک مودی" ٹاپ ٹرینڈ کیوں بن گیا؟

شائع 08 اپريل 2020 08:12am

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سخت گیر پالیسیوں کی وجہ سے جانی جاتی ہے اور نریندر مودی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے سخت فیصلوں سے پیچھے نہیں ہٹتے۔

مگر منگل کو بھارت میں سوشل میڈیا پر "ڈرپوک مودی" ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا ہے جو ایک حیران کن بات ہے۔

آخر نریندر مودی کو ڈرپوک کیوں کہا جارہا ہے؟ تو آپ کو بتائیں کہ ٹرینڈ اس وقت بنا جب بھارت نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد کورونا وائرس کے لیے مؤثر سمجھی جانے والی دوا "کلوروکوین" کی درآمد سے پابندی ہٹا دی۔

اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر انڈیا نے پابندی نہ ہٹائی تو وہ "جوابی کارروائی" کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت نے گذشتہ ماہ 25 مارچ کو پیرا سیٹامول اور ہائیڈروکسی کلوروکوین اور ان میں استعمال ہونے والے اجزا کی برآمد پر یہ کہہ کر پابندی لگا دی تھی کہ پہلے مقامی سطح پر طلب کو سامنے رکھا جائے گا اور اس کے بعد ضرورت کے حساب سے باقی ملکوں کو سپلائی کی جائے گی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شری واستو کے مطابق 'ان ادویات پر لگائی گئی پابندی ہٹا دی گئی ہے اور اب اسے "مناسب مقدار" میں دوسرے ملکوں کو بھی ایکسپورٹ کیا جائے گا۔'

گیت وی کے نام سے ایک ٹوئٹر ہینڈل نے دو اخباروں کی سرخیوں کی تصویر کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ڈرپوک مودی نے کسی ہمت کا مظاہرہ کیے بغیر امریکی فرمان کے سامنے جھک گئے۔ یہ خاموش رہنے والے ڈاکٹر ایم ایم ایس (منموہن سنگھ) تھے جنہوں نے قومی مفاد میں سنہ 2011 میں ایران سے تیل نہ خریدنے کے امریکی فرمان کو منع کر دیا تھا اور بھارت کا سر اونچا رکھا تھا۔

آئی دی انڈین نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'بی جے پی آئی ٹی سیل نے سینکڑوں اکاؤنٹ سے یہ بتانے کی کوشش کی کہ ٹرمپ نے مودی کو دھمکایا نہیں بلکہ اپنے گھٹنوں پر گر کر ان سے مدد کے لیے فریاد لگائی۔ ان فیک ہینڈل سے بحث کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اسے بس بلاک کر دیں۔'

ایڈکٹڈ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ کہاں ہیں مودی کے حامی؟ آج نہیں بولو گے واہ مودی جی واہ!